بھٹکل:17/اگست(ایس او نیوز)1993سے اترکنڑا ضلع میں بھٹکل نے ہی بی جے پی کے لئے بنیاد فراہم کیا ہے، 2018کے ودھان سبھا انتخابا ت میں بھی پھر ایک بار بی جے پی جیت حاصل کرتے ہوئے نئے دور کا آغاز کرے گی، اس بات کا دعویٰ بی جے پی کے ریاستی نائب صدر اور اترکنڑا کے ایم پی اننت کمار ہیگڈے نے کیا۔ وہ منگل کو تعلقہ کے شری گوپال کرشنا مندرہال میں منعقدہ مرکزی حکومت کے عوامی منصوبہ جات کی جانکاری ’’وکاس پروا‘‘ اور بھٹکل بی جے پی منڈل کے نئے عہدیداروں کےحلفیہ پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اننت کمار ہیگڈے نےکہاکہ بی جے پی کو باقی رکھنے کےلئے یہان کئی لوگوں نے اپنی جان گنوائی ہے۔
انہوں نے آئندہ انتخابات کی تیار ی آج سے ہی شروع کرنے کی بات کہی اور کہا کہ فی الحال طغیانی کے بعد ندی جس طرح پرسکون حالات سےبہتی ہے بالکل اسی طرح کے حالات سے بھٹکل میں آج بی جے پی گزررہی ہے۔ انہون نے بتایا کہ ندی میں نیا پانی شامل ہورہاہے، ندی آگے بہتی رہے گی، لیکن بہنے والے پانی کا مقصد یہی ہے کہ وہ سمندر میں جاملے۔۔
موری کی تعریف کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ جب سے نریندر مودی ملک کے وزیراعظم بنے ہیں، ملک کے اعتماد میں اضافہ ہواہے۔ مقبوضہ کشمیر ہمارا ہونے کی بات کہتے ہوئے وزیر اعظم نے پڑوسی ملک پاکستان کو کرارا جواب دیاہے۔ بلوچستان کی حمایت کا اعلان کرکے پاکستان کی نیند حرام کردی ہے۔ بھٹکل بی جے پی صدر راجیش نائک نے صدار ت کرتے ہوئے پارٹی کو مضبوط کرنے میں تعائون طلب کیا۔ ضلع نائب صدر گووند نائک نے استقبال کیا ، بھٹکل بی جے پی کے سابق صدر ایشور دوڈمنے نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ بی جے پی ضلع جنرل سکریٹری کرشنا ایسلے ، وینکٹیش نائک، مہیلا مورچہ کی ضلع صدر ریکھا ہیگڈے ، سابق صدر ایم جی نائک، پرمیشور دیواڑیگا، سنیل بی نائک، ایشور نائک، ناگما ماستی گونڈ، ناگراج نایک، کرشنا نائک ، وینکٹیش نائک مٹھلی ، دینیش نائک، ونود کوپی کروغیرہ موجود تھے۔ سبرائے دیواڑیگا نے شکریہ اداکیا۔ پرمود جوشی نے نظامت کی۔
سابقہ غلطیوں کی ذمہ داری اپنے سرلیتا ہوں:اپنی امیج بنانے کی کوشش کرتے ہوئے ایم پی اننت کمار ہیگڈے نے ماضی کی غلطیوں کے لئے اپنے آپ کو ذمہ دارقرار دیا اور کہا کہ اس سے قبل بی جے پی کے انتظامی امور میں مختلف وجوہات کی بنا پر جو بھی خامیاں، اورغلطیاں ہوئی ہیں وہ حقیقی ہیں ، میں قبول کرتاہوں کہ ان تمام کے لئے میں خود ذمہ دارہوں،انہوں نے پرانی باتوں کو بھول جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب اب مندر میں ہیں سب کے سب اپنی کدورت ونفرت کو بھول جائیں، اگر ایسا نہیں کریں گے تو ہمیں دھوکہ ہوگا۔ پارٹی میں سنجیدگی کو عام کریں، سیاست ہماری چاہت نہ ہو، عہدے میوزک چئیر کی مانند ہیں، کچھ دنوں کے لئے ہی وہاں بیٹھ سکتے ہیں نہیں تو کرسی اٹھالی جائے گی۔پارٹی کو استحکام دینا مقصود ہوتو جیت یقینا ً ہماری ہوگی۔
آئندہ لوک سبھا کی امیدواری کے لئے آگے آئیں: آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی امیدواری کے لئے پارٹی لیڈران، کارکنان میں سے کوئی آگے آتے ہیں تو میں پیچھے ہٹنے کے لئے تیار ہوں۔ یہ بات کہتے ہوئے آننت کمار ہیگڈے نے اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ آئندہ ہونے والے ودھان سبھا انتخابات میں خود اُمیدوار بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے مجھے پانچ مرتبہ ایم پی بنایا ہے جس کے لئے میں ان کاشکریہ اداکرتا ہوں، ایم پی نے کہاکہ میں سیاست سے بیزار ہوکر ہی گذشتہ دو تین سالوں سے بالکل خاموش تھا، لیکن بزرگوں نے مجھے دوبارہ پارٹی کے انتظامی امور میں کھینچ لایا ہے ،مجھے لوک سبھا کے انتخابات اب بس ہوگئے ہیں، نئے لوگ آگے آئیں، پیچھے بیٹھ کر چھپنا آسان ہے، لیکن ایم پی کی سیٹ کی دہکتی آگ کا تجربہ کرکے دیکھیں۔ جب اُن سےسوال کیاگیا کہ آئندہ ودھان سبھا انتخابات میں کیا وہ یلاپور یا سرسی حلقہ سے انتخاب لڑیں گے تو انہوں نے پوچھا کہ وہاں سے ہی کیوں، بھٹکل سے بھی لڑسکتے ہیں اس طرح کا موہوم جواب دیتے ہوئے ایم پی صاحب چلے گئے۔